سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پاکستانی محنت کشوں کی نوعیت اور سعودی عرب میں ان کی قانونی مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں ہائی سکلڈ ورکرز کی ڈیمانڈ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کو بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس امر کی نشاندہی کی کہ اب ہمیں سعودی عرب کو صرف مزدور ہی نہیں بلکہ اعلی تعلیم یافتہ اور ہنر مند پاکستانی بھی فراہم کرنے چاہئیں۔احمد فاروق نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں اور ان میں سے اکثریت منشیات کے معاملات میں ملوث پائی جاتی ہے۔ سفیر نے کہا کہ چونکہ ہر ملک کے اپنے قوانین ہوتے ہیں، اس لئے پاکستانی محنت کشوں کو چاہئے کہ وہ سعودی عرب میں رہتے ہوئے میزبان ملک کے قوانین کا احترام کریں۔
احمد فاروق کا کہنا تھا کہ سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث اکثر پاکستانی قید کی سزائیں بھگتنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور سفارت خانے کو ان مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ ان کے بقول سفارت خانہ کمیونٹی پیغامات اور ویڈیو پیغامات کے ذریعے بار بار پاکستانیوں کو تلقین کرتا ہے کہ وہ سعودی عرب میں رزق حلال کما کر اپنے گھر والوں کو بھیجیں اور میزبان ملک کے قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ انہیں قید جیسی صورت حال سے بچایا جا سکے۔سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال ایمنسٹی کے تحت سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہائی ملتی ہے، مگر اتنے ہی لوگ دوبارہ گرفتار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے اس پر تشویش کا اظہار کیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ پاکستانی شہری سعودی قوانین سے متعلق آگاہی حاصل کریں اور ان پر عمل پیرا ہوں۔
پاکستانی سفیر نے ہائی سکلڈ ورکرز کی بڑھتی مانگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی معیشت میں توسیع کے ساتھ، مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ احمد فاروق کے مطابق پاکستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی عرب کو اعلی تعلیم یافتہ پاکستانی بھیجے تاکہ وہاں کے بدلتے ہوئے پیشہ ورانہ تقاضے پورے کئے جا سکیں اور پاکستانی افرادی قوت کو بہتر مقام حاصل ہو۔پاکستانی محنت کشوں کے مسائل اور ان کے لئے بہتر مواقع فراہم کرنے کی بات کرتے ہوئے احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں ہائی سکلڈ ورکرز کی مانگ پوری کرنے کے لئے پاکستانی حکام کو منصوبہ بندی کے ساتھ اعلی تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افراد کو سعودی عرب بھیجنے پر توجہ دینی چاہئے۔

سعودی عرب میں اعلیٰ ہنر مند پاکستانیوں کی مانگ، سفیر احمد فاروق
Shares: