اسلام آباد: سعودی عرب کے 94ویں قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرکت کی اور سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں صدر زرداری نے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ معیشت، تجارت، دفاع، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں باہمی روابط کو فروغ دینا پاکستان اور سعودی عرب کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات مندانہ اصلاحات سعودی عرب کو ایک عظیم ملک بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی دکھایا گیا، جس میں انہوں نے سعودی عرب کو 94ویں یوم الوطنی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ویژن 2030 دنیا بھر کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب آج کے دور میں کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پذیر ممالک کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو ہمیشہ قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید مضبوط روابط کی امید ظاہر کی۔تقریب میں ایک مختصر ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں سعودی عرب کی ترقی، ویژن 2030، اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مستحکم کرنے کا عزم
Shares:







