سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 18 نومبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ دورہ کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ شہزادہ محمد بن سلمان تقریباً سات سال بعد پہلی مرتبہ امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد کے اس دورے کا بنیادی مقصد امریکا اور سعودی عرب کے درمیان ایک نئے دفاعی معاہدے پر بات چیت کرنا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فوجی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، اور خطے کی سلامتی سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق دفاعی معاہدے میں جدید اسلحے کی فراہمی، تربیت، اور خطے میں مشترکہ دفاعی نظام کے قیام پر بھی بات چیت ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس حکام ملاقات کے دوران معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود شریک ہوں گے۔

سفارتی ماہرین کے مطابق یہ ملاقات مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ محمد بن سلمان کا یہ دورہ نہ صرف دفاعی تعلقات بلکہ اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔

Shares: