سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ اس ملاقات میں سعودی ولی عہد نے امریکی صدر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد اور امریکی صدر نے باہمی سرمایہ کاری، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور سلامتی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز سعودی ولی عہد کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آئینی حلف اٹھانے اور ریاستہائے متحدہ کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔ سعودی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا معاہدہ اسرائیلی جنگ کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔کابینہ نے یہ بھی کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق، خاص طور پر مشرقی یروشلم اور 1967 کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق ملنا ضروری ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں مستقل امن قائم کیا جا سکے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اس بات کا اظہار کیا کہ سعودی عرب امریکہ کے ساتھ اگلے چار سالوں میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ روئٹرز کے مطابق، ولی عہد نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ ان کی انتظامیہ کی متوقع اقتصادی اصلاحات سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان بے مثال اقتصادی خوشحالی کا باعث بن سکتی ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر مزید مواقع پیدا ہوئے تو یہ سرمایہ کاری مزید بڑھ سکتی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔ یہ قدم سعودی عرب کی ترقیاتی پالیسی اور امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان یہ ٹیلی فونک رابطہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز کر سکتا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام اور عالمی اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

جب سے موجودہ حکومت خیبر پختونخوا میں آئی ہے صوبہ تباہ ہو گیا ،عوام پھٹ پڑی

پیسہ زندگی میں کتنی اہمیت کا حامل؟ مبشر لقمان کا یو ای ٹی میں طلبا سے خطاب

Shares: