راولپنڈی: جی ایچ کیو راولپنڈی حملہ کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا پانے والے 2 مجرمان کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
باغی ٹی وی: سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنا دی گئی ہیں مجرمان کو 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں جی ایچ کیو حملہ کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا پانے والے 2 مجرمان کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا، اڈیالہ جیل پہنچائے گئے مجرمان میں راجہ محمد احسان اور عمر فاروق شامل ہیں،جرم ثابت ہونے پر دونوں کوملٹری کورٹ سے10، 10 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے 25 مجرموں کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ یہ سزائیں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے فیصلے کے تحت دی گئیں، جس میں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد یہ فیصلہ سنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سزائیں سننے کے بعد تمام ملزمان کو ان کے قانونی حقوق کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں، مجرموں کو ان کے حقوق دینے کے لیے قانونی عمل کی ہر سطح پر پابندی کی گئی، جس سے ان کے حقوق کی پامالی کا کوئی سوال نہیں اٹھتا۔








