سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مرکزی دفتر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نےچھاپہ مار کر 6 افسران کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سادہ لباس اہلکاروں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے دفتر پر چھاپہ مارا جہاں سے ادارے کے 6 افسران کو حراست میں لیا گیا ہے جن افسران کو حراست میں لیا گیا ان میں 4 سینئرڈائریکٹرز، ایک ڈپٹی ڈائریکٹر، ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی شامل ہیں ایس بی سی اے کے 6 افسران کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام افسران کو کانفرنس روم میں میٹنگ کے بہانے بلایا گیا تھا، جہاں انہیں ڈی جی کے سامنے ان کے ناموں کی شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا،کارروائی میں جن افسران کو حراست میں لیا گیا ان میں لیاری ڈویژن اور ساؤتھ زون سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسران شامل ہیں-
کوٹ رادھا کشن:خاتون کے ہاں ایمبولینس میں ہی بچے کی پیدائش
ذرائع کے مطابق ان افسران کو لیاری میں غیر قانونی تعمیرات اور حالیہ دنوں میں پیش آنے والے بلڈنگ گرنے کے واقعے کے تناظر میں حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 2021 سے 2025 کے دوران ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں اضافی تعمیرات اور غیر قانونی پورشنز سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جن میں مذکورہ افسران کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
چھاپے کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مرکزی دفتر کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے گئے تھے، اور کسی بھی شخص کو دفتر کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اس کارروائی میں پولیس کے ہمراہ ٹیکنیکل کمیٹی کے ارکان بھی شامل تھے گرفتار افسران کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے پولیس نے مزید بتایا کہ چھاپہ اعلیٰ سطح کے احکامات پر مارا گیا اور آئندہ دنوں میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان جلد متوقع
دوسری جانب 4 جولائی کو گرنے والی عمارت کا مقدمہ محکمہ بلدیات کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں ایس بی سی اے کے اعلیٰ افسران نامزد ہیں۔
واضح رہے کہ لیاری کے علاقے بغدادی میں 4 جولائی جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی، عمارت گرنے کے اس واقعے میں خواتین سمیت 27 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔