لاہور (باغی ٹی وی رپورٹ):علم و یقین کا قافلہ شہرِ اقبال میں: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہونہار طلبہ میں اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ڈویژن کے ہونہار طلبہ کے لیے "ہونہار اسکالرشپ پروگرام” کا آغاز کرتے ہوئے اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور میڈیکل کالجوں کے نمایاں طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔
اس پروگرام کے تحت 8 کروڑ 98 لاکھ روپے کے اسکالرشپ گوجرانوالہ ڈویژن کے طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔ سرکاری یونیورسٹیوں کے 1276 طلبہ کو 5 کروڑ 85 لاکھ، کالجوں کے 481 طلبہ کو 1 کروڑ 32 لاکھ، معیاری نجی اداروں کے 112 طلبہ کو اسکالرشپ، اور میڈیکل کالج کے 78 طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کیے گئے۔
تقریب کے دوران، وزیر اعلیٰ نے طالبات علینہ سعید اور نایاب فاطمہ کی تعلیمی جدوجہد کی کہانیاں سن کر جذباتی ردعمل دیا۔ نایاب فاطمہ نے اپنی کینسر کی مریضہ والدہ کا ذکر کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے انہیں گلے لگایا اور والدہ کے مکمل علاج کی ذمہ داری کا اعلان کیا۔ علینہ نے وزیر اعلیٰ کو طلبہ کا حقیقی محسن قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ کی آمد پر طلبہ نے جوش و جذبے سے ان کا استقبال کیا۔ طلبہ نے کلام اقبال پیش کیا اور قومی ترانہ و نعت پڑھنے پر وزیر اعلیٰ سے داد وصول کی۔ وزیر اعلیٰ نے طلبہ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ فائن آرٹس کے طلبہ نے وزیر اعلیٰ کا پورٹریٹ پیش کیا، جس پر "صنفِ آہن” کا کیپشن دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اور پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے جنرل سلامی دی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور یہ اسکالرشپ طلبہ کے لیے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا سنگ میل ثابت ہوں گے۔
تقریب میں شریک طلبہ اور والدین نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اس تعلیمی اقدام کو بھرپور سراہا اور اسے طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔