شہرِ قائد کے علاقے ناظم آباد میں آج صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 6 معصوم بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ صبح تقریباً ساڑھے سات بجے پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ وین میں فنی خرابی کے باعث گاڑی زیادہ گرم ہوگئی، جس کے کچھ ہی دیر بعد اس میں آگ لگ گئی۔ وین میں اسکول جانے والے کئی بچے سوار تھے جن میں سے چھ بچے جھلس کر زخمی ہوئے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر متاثرہ بچوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع پولیس کو براہِ راست نہیں دی گئی، بلکہ اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔ پولیس نے کہا کہ واقعے کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا وین میں گیس سلنڈر موجود تھا یا نہیں۔عینی شاہدین کے مطابق وین میں آگ لگنے کے بعد بچوں میں چیخ و پکار مچ گئی، تاہم قریبی دکانداروں اور راہگیروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور بچوں کو گاڑی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔








