سیالکوٹ:سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل کا ڈی جی لیبرکے ہمراہ ورکرز ویلفیئر سکولز و چیمبر آف کامرس کا دورہ

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے)سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل پنجاب نعیم غوث کا ڈی جی لیبر سیدہ کلثوم حئی کے ہمراہ قائد اعظم ورکرز ویلفیئر سکولز اور ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ،

سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل پنجاب نعیم غوث نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ورکرز کیلئے مالکانہ حقوق پر رہائشی کالونی اور ان کے بچوں کیلئے سکولز کی تعمیر کیلئے چمبر آف کامرس اور ورکرز یونین کی مشاورت سے مجوزہ پراجیکٹ کابینہ کو بھجوائے جائیں گے اور جلد ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جائے گا،

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے اضلاع کے دوروں کا مقصد ان سکلز ورکرز کو کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے اور ورکرز کے کام کرنے کی جگہ سیفٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں تاجر برادری کے کلیدی کردار پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ پنجاب تجارت اور صنعت کے فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ محکمہ نے ایک ایسی لیبر فورس بنانے کے وژن کے ساتھ پالیسیاں مرتب کی ہیں جو قومی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے کے قابل ہو۔

نعیم غوث نے صنعتی ترقی میں لیبر کے بنیادی کردار پر زور دیتے ہوئے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے لیبر مینجمنٹ اور صنعتی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے تاجر برادری سے مسلسل تعاون کی خواہش کی۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب وہاب جہانگیر نے کاروباری برادری اور سرکاری محکموں کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے ہموار تعاون کیلئے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قائد اعظم ورکرز ویلفیئر سکول اور سوشل سیکیورٹی ہسپتال کو دور حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کہا جائے اور ورکرز کی گرانٹس کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے لیبر ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی حصول کے مشترکہ وژن کے ساتھ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے دونوں اطراف سے عزم پر زور دیا۔

ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفئیر سیدہ کلثوم حئی نے انڈسٹریز کی انسپکشن، ورکرز کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزئشن، چائلڈ لیبر کے خاتمہ اور محکمہ کے متعلق شکایات کی بابت جوابات دیئے۔

قبل ازیں سیکرٹری لیبر ویلفئیر و انسانی وسائل نعیم غوث اور ڈی جی ایل ڈبلیو کلثوم حئی کے ہمراہ قائد اعظم ورکرز ویلفیئر گرلز/بوائز سکولوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بچّوں کو فراہم کی جانے والی تدریسی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ پلے گروپ میں بچوں کیلئے فوڈ اور دودھ کی فراہمی کا پراجیکٹ زیر غور ہے۔ انہوں نے لیبر یونین کی جانب سے نئے ورکرز ویلفیئر سکولوں کے قیام کیلئے تجاویز اور آراء طلب کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں گے اور تعلیمی اور صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔

سیکرٹری لیبر ویلفئیر نعیم غوث نے قائد اعظم ورکرز ویلفیئر سکولوں میں کمپیوٹر لیب کو بحال کرنے کے احکامات جاری کئے اور ڈی جی ایل ڈبلیو کلثوم حئی کے ہمراہ ورکرز ویلفیئر سکول کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔اس موقع ڈائریکٹر لیبر ویلفئیر ہیڈ کوارٹر محمد شاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر طیب ورک، لیبر لیڈر نیاز احمد ناجی، بھی موجود تھے
۔۔۔۔۔۔۔

Leave a reply