ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار، بلاول سموں) کیٹی بندر کے سمندر میں دو روز قبل ڈوبنے والے دو ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں پاکستان نیوی اور مقامی غوطہ خور مشینری کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے گھوڑا باری کے رہائشی ماہی گیروں کی لانچ مچھلی کے شکار کے دوران سمندر میں ڈوب گئی تھی۔ اس حادثے میں پانچ ماہی گیر ڈوب گئے تھے۔ مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے ایک ماہی گیر، مشتاق پارھیڑی، کو بے ہوشی کی حالت میں بچا لیا گیا جبکہ ان کے بھائی انیس پارھیڑی کی لاش برآمد کر لی گئی تھی۔
دو دیگر ماہی گیروں کو بھی بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا، تاہم دو ماہی گیر، مجید خاصخیلی اور منظور خاصخیلی اب تک لاپتہ ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے صبح سے شام تک مسلسل آپریشن جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نیوی کے غوطہ خور جدید مشینری کی مدد سے گمشدہ ماہی گیروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حادثے کے بعد علاقے میں گہرے دکھ اور پریشانی کی فضا قائم ہے اور متاثرہ خاندان حکام سے جلد از جلد لاپتہ ماہی گیروں کی بازیابی کی امید کر رہے ہیں۔
Shares: