خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری ہیں
سیکیورٹی فورسز نے بولان کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی شدت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ سیکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد شہریوں کی گاڑیاں روکنے، لوٹ مار کرنے اور مسافروں کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے بعد علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بلوچستان کے نصیرآباد علاقے میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ آئی ای ڈی دھماکہ شہید عزیز بلوچ (نوٹل) پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہوا۔ دھماکے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم ریلوے ٹریک کا تقریباً تین فٹ حصہ متاثر ہوا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ الطاف آباد ریلوے پل کے قریب 4 سے 5 کلو وزنی آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جبکہ 10 کلو وزنی ایک اور آئی ای ڈی کو بروقت ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بنوں ،ڈومیل آدمی پل کے قریب دہشت گردوں نے واپڈا کے ملازمین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور عبداللہ خان اور لائن مین نور محمد کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے واپڈا سپرنٹنڈنٹ عمر در علی کو اغوا کرنے کی بھی کوشش کی جو ناکام رہی، جس کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے جانی خیل کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں 3 سے 4 دہشت گرد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی اور کرک پولیس نے بندہ داؤد شاہ کے پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے کم از کم آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی گُرگُری میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد کی گئی۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے گوارھو کے علاقے میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ شمولی پولیس اسٹیشن کی حدود میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کو بروقت ناکارہ بنا دیا گیا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
بکاخیل، گورا کے علاقے میں دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے ایک اور پل کو اڑا دیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ میریان پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ دھماکے سے پل کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ ایک رات قبل بھی اسی علاقے میں ایک پل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
کالعدم حافظ گل بہادر گروپ نے تصدیق کی ہے کہ بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران اس کے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک افراد کی شناخت اکرامہ، کلیم اللہ، خالد، اسامہ (بکاخیل) اور ایک نامعلوم دہشت گرد کے طور پر ہوئی ہے۔ کارروائی احمدزئی پولیس اسٹیشن کی حدود میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی۔ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔








