جعفرآباد کے شاہی چوک میں واقع قانون نافذ کرنے والے ادارے کے چیک پوسٹ پر دستی بم حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے ایک غیر مصدقہ بیان میں قبول کرلی ہے۔ تنظیم کے مطابق حملے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوا، تاہم کسی سرکاری ادارے کی جانب سے اب تک اس واقعے کی نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی سرکاری بیان جاری ہوا ہے۔
کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (BLA) نے ایک غیر مصدقہ میڈیا بیان میں پاک چین اقتصادی راہداری روٹ کے ساتھ راہی ناگور کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دعوے کے مطابق حملے سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تاہم حکومتی یا سیکیورٹی ذرائع نے اس واقعہ کی تاحال کوئی تصدیق نہیں کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بولیدہ کے علاقے زردان میں موٹر سائیکل سوار اہلکاروں پر مسلح حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ (BLF) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو اب تک کسی سرکاری ادارے سے تصدیق شدہ نہیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چار اہلکار دو موٹر سائیکلوں پر ایک قافلے کی حفاظت پر مامور تھے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سرکاری سطح پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
تحصیل ہیڈکوارٹر مستونگ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا جو خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کا سبب نہیں بنا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
جنوبی وزیرستان،خیسورہ کے علاقے تیارزہ میں موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے مقامی قبائلی عمائدین پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ملک رابوٹ خان شہید جبکہ عبد اللہ جان زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو ہلاک اور دوسرے کو زندہ گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے جس کا مقامی کمانڈر اسلام الدین بتایا جاتا ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید مشتبہ عناصر کی تلاش جاری ہے۔
تیراہ وادی کے ذاخہ خیل کارپا میگان گاؤں میں کالعدم لشکرِ اسلام اور جماعت الاحرار کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ تصادم مبینہ طور پر شہریوں کے اغوا کے معاملے پر دونوں گروہوں کے کمانڈروں گلا مین اور عادل بادشاہ کے درمیان تنازع کے بعد شروع ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک شدت پسند زخمی ہوا۔ علاقے میں کشیدگی بڑھنے کے باعث نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے۔
گندی خانہ خیل کے علاقے نصیر کالا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فرید اللہ شہید ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
باسی خیل تھانے کی حدود میں دھماکے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت زیاد عرف حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جو لالوزئی سورانی کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق وہ پولیس اور سی ٹی ڈی پر ٹارگٹ کلنگ کا ماسٹر مائنڈ اور بم بنانے کا ماہر تھا۔ وہ خود ہی بم نصب کرتے ہوئے دھماکے میں مارا گیا۔ اس کے زخمی ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ موقع سے پستول اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
بیٹنی علاقے میں مقامی آبادی نے کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر طور بیٹنی اور اس کے ساتھی شہزیب بیٹنی کے گھروں کو نذر آتش کر دیا۔ حکام کے مطابق عوام میں دونوں کے دہشتگردانہ سرگرمیوں پر شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ سیکیورٹی ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مامند خیل میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں سپاہی رومان شہید جبکہ سپاہی عتیق زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکار کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کیا گیا ہے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔سی ٹی ڈی، الیٹ فورس اور باجوڑ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں ایک افغان خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افغان شہری کی شناخت قیص ولد شاہ خان جبکہ سہولت کار رفیع اللہ ولد نور محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران تین ہینڈ گرینیڈ، نیلا بیگ میں موجود خودکش جیکٹ کا IED، فیوز اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق دونوں ایک بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
شاہپور تھانے کی حدود میں بھتہ خور سرگرم ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق ایک پراپرٹی ڈیلر سے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔








