اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جولائی کے مہینے میں 2,864 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں، جس کے بعد ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 561 ہو گئی ہے۔ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، جولائی میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں میں سے 58 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ، 39 فیصد سنگل ممبر، جبکہ 3 فیصد پبلک نان لسٹڈ، غیر منافع بخش ادارے، اور تجارتی تنظیمیں شامل ہیں۔رجسٹریشن کے حوالے سے مختلف شعبوں میں سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ سب سے زیادہ رجسٹریشن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہوئی، جہاں 471 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔ تجارت کے شعبے میں 364 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ خدمات کے شعبے میں 362 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔
دیگر اہم شعبوں میں بھی قابل ذکر تعداد میں کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اور کنسٹرکشن کے شعبے میں 284 کمپنیاں، سیاحت کے شعبے میں 164 کمپنیاں، فوڈ سیکٹر میں 139 کمپنیاں، ای کامرس کے شعبے میں 120 کمپنیاں، تعلیم کے شعبے میں 111 کمپنیاں، ٹیکسٹائل کے شعبے میں 65 کمپنیاں، مارکیٹنگ میں 64 کمپنیاں، کارپوریٹ ایگریکلچر میں 63 کمپنیاں، کیمیکل کے شعبے میں 53 کمپنیاں، اور ہیلتھ کے شعبے میں 51 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق، جولائی میں 86 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی کی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں کاروباری مواقعوں کی طرف عالمی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔یہ اعدادوشمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری آ رہی ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات اور سہولیات نے کاروباری اداروں کو اپنے آپریشنز کو رسمی طور پر رجسٹر کرنے کی ترغیب دی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔

جولائی میں ایس ای سی پی میں 2,864 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، کل تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 561 تک پہنچ گئی
Shares: