سرگودھا ،باغی ٹی وی( ادریس نواز چدھڑ سے ) ستھرا پنجاب پروگرام کے احکامات کو سیکرٹری یونین کونسل لڈیوالہ و حیدرآباد نے ہوا میں اڑا دیا ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، صفائی عملہ غائب، انتظامیہ خاموش ?

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کیا جانیوالا سرگودھا میں ستھرا پنجاب پروگرام بری طرح ناکام ہو گیا ۔ یونین کونسل لڈیوالہ اور یونین کونسل حیدرآبا میں صفائی ستھرائی فوٹو سیشن کی حد تک جاری ہے ، سیکرٹری یونین کونسل لڈیوالہ و حیدرآباد نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور افسران کو رپورٹ دینے کیلئے صرف فوٹو سیشن کی حد تک ہی کام کیا جا رہا ہے جو متعلقہ ضلعی انتظامی افسران کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

یونین کونسل لڈیوالہ و حیدرآباد میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں ،گلیوں و نالیوں کی صفائی ستھرائی کا کام بھی فوٹو سیشن کی حد تک جاری ہے جبکہ شہریوں کا کہنا تھا کہ صفائی عملہ حیدرآباد سے فی گھر 200 سے 250 روپے لے رہا ہے اور لڈیوالہ میں صفائی عملہ فی گھر 50 روپے سے زائد وصول کر رہا ہے ۔ اسکے باوجود بھی صفائی عملہ کہیں دکھائی نہیں دے رہا ۔

شہریوں کابتانا ہے کہ متعدد دفعہ سیکرٹری سےگذارش کی کہ صفائی ستھرائی کے احکامات صادر فرمائے جائیں لیکن سیکرٹری بادشاہ ٹس سے مس نہیں ہورہے ،شہری بدبو اور تعفن زدہ ماحول میں سانس لینے پر مجبور ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں اور سیکرٹری یونین کونسل لڈیوالہ و حیدرآباد نے اپنی اپنی یونین کونسل میں صفائی کے کام سے منہ پھیر رکھا ہے ۔ جبکہ انتظامی افسران نے بھی مکمل طورمجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو وزیراعلیٰ پنجاب و کمشنر سرگودھا بڑے بڑے صفائی کے دعوے تو کرتے ہیں ۔ لیکن یونین کونسلز عملہ نے تمام دعوؤں اور کیئے گئے وعدوں کو جوتوں کی نوک پر رکھ لیا۔ سیکرٹری یونین کونسل لڈیوالہ سلطان نے تو اب علاقہ میں صفائی عملہ کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور صفائی کے کام کی بجائے ان سے دوسرے کام کروائے جا رہے ہیں ۔ شہریوں نے کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری یونین کونسل لڈیوالہ و حیدرآباد کو علاقہ میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے اور صفائی عملہ کو متحرک کرنے کا مطالبہ کر دیا

Shares: