پنجاب حکومت نے صوبے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر ہائی پروفائل شخصیات کی سیکیورٹی اسکریننگ شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز کی حفاظت پر تعینات تمام اہلکاروں، ڈرائیورز، کمانڈوز اور دیگر سیکیورٹی اسٹاف کی مکمل اسکریننگ کی جارہی ہے۔ اس عمل میں اہلکاروں کے ذاتی و پیشہ ورانہ ریکارڈ، خاندانی پس منظر، سماجی روابط اور سیکیورٹی کلیئرنس کی از سر نو جانچ شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے علاوہ دیگر اہم سرکاری شخصیات، وزراء اور صوبائی کابینہ کے اراکین کی سیکیورٹی ٹیموں کی بھی جانچ کی جارہی ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے یا اندرونی کمزوری کو بروقت روکا جاسکے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور بدلتے سیکیورٹی چیلنجز کے باعث صوبے میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت اور جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بلا خوف و خطر اپنے عوامی فرائض سرانجام دے رہی ہیں، تاہم حفاظتی ادارے کسی بھی خطرے کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے مکمل الرٹ ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس اسکریننگ کا مقصد صرف موجودہ عملے کی تصدیق نہیں بلکہ آئندہ تقرریوں کے لیے بھی سیکیورٹی اسٹینڈرڈز طے کرنا ہے، تاکہ صوبے کی اعلیٰ قیادت اور حساس سرکاری شخصیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔اس عمل میں حساس ادارے بھی شریک ہیں، جو بایومیٹرک تصدیق، خفیہ پس منظر رپورٹنگ، اور اہلکاروں کے بینک و کمیونیکیشن ڈیٹا کی جانچ جیسے اقدامات پر عمل کررہے ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکیورٹی پلان میں کسی بھی قسم کی سیاسی یا ذاتی وابستگی کے بجائے صرف پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور کلیئرنس کو بنیاد بنایا جائے گا۔

Shares: