اٹلی کے شہر میلان کے برگامو ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سیکیورٹی توڑ کر ایک شخص جہاز کے انجن میں داخل ہو گیا اور ہلاک ہو گیا۔
مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے یہ واقعہ پیش آیا، جس کے بعد ایئرپورٹ پر تمام فلائٹس تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہیں۔ برگامو ایئرپورٹ اٹلی کا تیسرا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ہلاک ہونے والا شخص، جس کی عمر تقریباً 35 سال تھی اور وہ مقامی رہائشی معلوم ہوتا ہے، بغیر ٹکٹ کے ایئرپورٹ میں داخل ہوا۔ اس نے سیکیورٹی توڑ کر بیگیج ڈلیوری ایریا میں ایک دروازے سے گزر کر براہِ راست وولوٹیا ایئر لائن کے کھڑے جہاز تک رسائی حاصل کر لی۔
بارڈر پولیس کے دو اہلکار اس کے پیچھے پہنچے لیکن وہ اس شخص کو جہاز کی طرف جانے سے نہ روک سکے۔ عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ شخص پہلے جہاز کے دائیں جانب کودا، پھر بائیں انجن کے پاس گیا اور وہاں یا تو چھلانگ لگا دی یا انجن کی طاقت کے باعث کھینچ کر اندر چلا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ شخص نہ تو مسافر تھا اور نہ ہی عملے کا رکن۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ ممکنہ طور پر خودکشی کی نیت سے ایئرپورٹ پہنچا تھا، کیونکہ اس کی گاڑی ایئرپورٹ کے باہر کھڑی ملی ہے۔
اوکاڑہ: خوش نصیب کسانوں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم، مریم نواز کا وعدہ پورا