وزیراعظم شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن پر اپنا پیغام جاری کیا ہے-
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ بلا رنگ و نسل دوسروں کی بے لوث خدمت میں پیش پیش رہے ہیں فلاحی کاموں اور عطیات کی بدولت پاکستان دنیا کے عطیات دینے والے نمایاں ممالک میں شامل ہےحالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ آبادی خوراک، رہائش اور علاج کی منتظر ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج مل کر ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں،انہوں نے عوام اور بیرون ملک پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کی خدمت کا پرخلوص جذبہ، پاکستان کی سماجی و معاشرتی اقدار اور تہزیب کا اثاثہ ہے پاکستان کے رضاکار خدمت کاروں نے حادثات، قدرتی آفات، جنگ اور دیگر ایمرجنسی حالات میں ہمیشہ اپنے اہل وطن کی بھرپور عملی اور مالی مدد کی ہے، ہمارے معاشرے کے مخیر حضرات عطیات کے زیر اہتمام مفت علاج, مفت دسترخوان, مفت ایمبولنس سروس جیسی خدمات بڑی خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں. یہ بلا شبہ ہمارے سماجی ومعاشرتی اور اسلامی تعلیمات اور تہذیب کی روشن روایات کی آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے معاشرے میں بےلوث خدمت، دوسروں کی امداد اور فلاحی کاموں میں شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان بھی حکومتی سطح پرمختلف جامع پروگرامز کے ذریعے تخفیف غربت اور فلاحی کاموں کی مختلف اسکیمز پر کامیابی سے کام کر رہی ہے ان پروگرامز میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، زکوۃ، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن، پاکستان تخفیف غربت فنڈ، ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ وکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور صحت کے شعبہ میں دیگر اقدامات کے تحت لاکھوں ضرورت مند افراد فیضاب ہو رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ عطیات کے عالمی دن پر آج میں پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کے کاموں میں اپنے ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی یاد دہانی کرواتا ہوں۔ باہمی رواداری اور مدد کے جذبے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہم بحیثیت قوم ترقی و خوشحالی، باوقار اور مضبوط مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔