مظفرگڑھ کے علاقے علی پور میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، سیت پور کے مقام پر افسوسناک واقعے میں 8 افراد پانی میں بہہ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک بچے کی لاش نکال لی گئی ہے، جب کہ دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے، تاہم 5 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیت پور کے نزدیک مقامی افراد سیلابی ریلے کی زد میں آ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اندھیرا اور تیز بہاؤ تلاش میں مشکلات پیدا کر رہا ہے، تاہم غوطہ خوروں کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ادھر ضلع لودھراں میں بھی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں حفاظتی بند ٹوٹنے کے باعث حیات پور، مراد پور اور پیپل والا سمیت متعدد دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق سیلابی پانی میں پھنسے 3 لڑکوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور کے مطابق ضلع کے 98 مواضعات مکمل یا جزوی طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔ سیلاب سے اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے، جب کہ امدادی کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔علاقہ مکینوں اور مقامی نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو اور بحالی کے کاموں کو تیز کیا جائے، اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے۔

Shares: