پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بہت تباہی نظرآرہی ہے اور ماننا چاہیے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم بہت محنت کر رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور گنڈا سنگھ والا بارڈر پر سیلاب متاثرین میں راشن کے تھیلے تقسیم کیےبلاول زرداری نے کسانوں اور سیلاب متاثرین سے گفتگو کی جبکہ سیلاب متاثرین اورکسانوں نے بلاول بھٹوکواپنے مسائل سے آگاہ کیا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قصور کے سیلاب زدہ علاقہ تلوار پوسٹ پہنچے توگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،راجہ پرویز اشرف ،ندیم افضل چن،قمر مان کائرہ،سید حسن مرتضی شہزاد سعید چیمہ اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے،
پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ حکومت کی طرف سے قصور میں ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے آج میں نے قصور کا دورہ کیا ہے۔ اس سیلاب نے صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ وفاقی حکومت خاص طور پر پنجاب حکومت کا اس سیلاب کے ریلیف میں صفِ اول کا کردار ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بہت تباہی نظرآرہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم بہت محنت کررہی ہیں، وفاقی حکومت کو بھی صوبائی حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، صوبائی حکومت کے اکیلے بس کی بات نہیں کہ اتنی بڑی تباہی کا مقابلہ کرے، پنجاب میں سب سے زیادہ نقصان کسان کا ہوا ہے،سیلاب کے باعث پنجاب کے زرعی شعبے کو نقصان پہنچا ہے، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اورکارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں عوام کی مدد کریں۔
بلاول کا کہناتھا کہ وزیراعظم سے اپیل ہے کہ زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کی جائے، کسانوں کو بیج اور کھاد میں ریلیف فراہم کیا جائے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مدد کی جائے، پنجاب میں سیلاب سے سب سے زیادہ کسانوں کو نقصان ہوا ہے، مودی سرکار نے عالمی قانون توڑ کر کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو نہیں مانتا، اس مرتبہ بھارت ہمارے ساتھ سندھ طاس معاہدے کے تحت ڈیٹا شیئر نہیں کررہا، بھارت کومجبور کریں گے کہ عالمی قوانین کی پاسداری کرے ، پانی کے ساتھ جو دہشتگردی کررہے ہیں یہ پاکستانی عوام کو نشانہ بنارہے ہیں، بھارت سندھ طاس معاہدے کو مانے یا ہمارے دریا واپس کرے۔