سیالکوٹ (باغی ٹی وی/ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ کے زیر اہتمام کاشتکاروں کے لیے گندم کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں کسانوں کو جدید زرعی مشاورت اور حکومتی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔

تحصیل ڈسکہ کے علاقے کنڈن سیان میں مقامی مارکیٹ میں منعقدہ سیمینار سے ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈاکٹر شکیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ سجاد حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈسکہ کامران بھٹی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت (توسیع) پنجاب کے مختلف منصوبوں، جن میں پیداواری مقابلہ، گرین ٹریکٹر اسکیم، کسان کارڈ اور دیگر سہولیات شامل ہیں، کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

چوہدری سعید اللہ سیان، سابق چیئرمین یونین کونسل کنڈن سیان نے کاشتکاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کسان دوست پالیسیوں کے باعث ضلع سیالکوٹ میں ریکارڈ رقبے پر گندم کی کاشت ہوئی ہے، جو کسانوں کے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پورے پاکستان کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور صوبائی حکومت کی زرعی پالیسیوں سے کسانوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں وہ دلجمعی سے کاشتکاری پر توجہ دے رہے ہیں۔

Shares: