کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمناراور ریلیاں

ڈیرہ غازیخان ،شیخوپورہ (نمائندگان) کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی قوم متحد ہے،
ڈیرہ غازیخان آرٹس کونسل میں کشمیریوں کی حمایت میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،اسکے بغیر ہمارا ملک ادھورا ہے،27اکتوبر1948کو بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیلئے اپنی افواج وادی میں اتاریں،بھارتی حکومت نے1935کے ایکٹ میں ترامیم کرکے غیر قانونی قبضہ کو تاحال برقرار رکھا ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت کرتے رہینگے،اقوام عالم کو آگاہ کررہے ہیں کہ بھارتی مظالم کو فوری روکا جائے،ہم کشمیری شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہم کشمیریوں کی سپورٹ کے عہد کو دہراتے رہیں گے،کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے،ان پر ظلم و ستم کا دور ختم ہونے والا ہے۔سیمینار میں طلبا وطالبات نے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیلئے تقاریر کیں اور ٹیبلوز بھی پیش کئے۔سیمینار میں کمپیئرنگ کے فرائض محبوب جھنگوی نے انجام دئیے۔قبل ازیں کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے آرٹس کونسل میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔
شیخوپورہ سے محمد طلال کی رپورٹ کے مطابق پورے ملک کی طرح شیخوپورہ اور اسکی پانچوں تحصیلوں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ضلع کونسل ہال میں سیمنار کا انعقاد کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسرا نے کی۔ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات ، تحریک انصاف کے عہدیداران ، کارکنان اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اور ہاتھوں میں بھارتی مظالم کے خلاف پلے کارڈ اور بینر اٹھا کر احتجاج کیا۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسرا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر مودی سرکار نے اخلاقی ، سفارتی حدود کو پار اور سیاسی قوانین کو پامال کیا ہے۔ پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

Leave a reply