کراچی کے علاقے کارساز کے قریب پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے حوالے سے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت نے ملزمہ کی صحت اور ٹیسٹوں کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس حادثے میں ایک تیز رفتار جیپ نے موٹر سائیکل سواروں کو روند دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین عامر چشتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جناح اسپتال انتظامیہ سے ملزمہ کی صحت اور ٹیسٹوں پر مبنی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں ملزمہ کی صحت اور ٹیسٹوں کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جا رہے ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
عامر چشتی نے مزید کہا کہ کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس معاملے میں کوئی فاؤل پلے نہ ہو اور تمام کارروائی شفاف طریقے سے عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں اور حادثے کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا ملے۔یاد رہے کہ یہ المناک حادثہ 19 اگست کی شام کارساز کے قریب پیش آیا تھا، جب ایک تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکلوں کو روندتے ہوئے ایک اور گاڑی کو بھی ٹکر مار دی تھی۔ اس حادثے میں ایک باپ اور اس کی بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ چار دیگر افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے تھے۔حادثے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا یہ اقدام عوام کے ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

کارساز حادثہ: باپ بیٹی کی ہلاکت پر سینیٹ کمیٹی نے ملزمہ کی رپورٹ طلب کرلی
Shares:







