سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر عرفان اللہ خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پی آئی اے سی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ، روزویلٹ ہوٹل نیویارک، اور ملک کے اہم ہوائی اڈوں کی نجکاری سے متعلق اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سینیٹر بلال احمد خان اور سینیٹر اسد قاسم نے بھی شرکت کی۔

پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پریسژن انجینئرنگ کمپلیکس (PEC) ایک دفاعی نوعیت کا ادارہ ہے جو تقریباً 200 ایکڑ رقبے پر محیط ہے، جہاں 223 ملازمین کام کر رہے ہیں جبکہ 381 ریٹائرڈ ملازمین کی واجبات بھی کمپنی پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ کمپلیکس 1980 کی دہائی سے بوئنگ طیاروں کے پرزے تیار کر رہا ہے اور دفاعی ساز و سامان کی تیاری میں بھی نمایاں کردار ادا کر چکا ہے۔سیکریٹری نجکاری کمیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران کمپلیکس کی آمدن 397 ملین روپے رہی، جبکہ اخراجات 850 ملین روپے سے تجاوز کر گئے۔ کابینہ کے فیصلے مؤرخہ یکم مئی کے مطابق، پی آئی اے سے یہ کمپلیکس اپنی تمام تر ذمہ داریوں اور اثاثہ جات کے ساتھ پاک فضائیہ (PAF) کو منتقل کیا جائے گا۔

سیکریٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کا عمل اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔حکومت اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان شرائط و ضوابط پر بات چیت جاری ہے اور چار کنسورشیم/بولی دہندگان نے باضابطہ دلچسپی ظاہر کی ہے۔مزید بتایا گیا کہ تمام فریقین پی آئی اے کے اثاثوں اور واجبات کا تفصیلی تجزیہ کر رہے ہیں، اور شرائط طے ہونے کے بعد توقع ہے کہ اس سال کے اختتام تک نجکاری مکمل ہو جائے گی۔کمیٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ عالمی سطح کی بڑی ایئرلائنز اس عمل میں شامل نہیں ہو رہیں۔ اس پر سیکریٹری نجکاری کمیشن نے وضاحت دی کہ اگرچہ موقعہ علاقائی سطح پر بھرپور تشہیر کے ساتھ پیش کیا گیا، تاہم علاقائی ایئرلائنز نے مسابقتی مفادات کے باعث سرمایہ کاری سے گریز کیا۔

کمیٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی لینڈ سائیڈ سروسز کے آؤٹ سورسنگ کے بارے میں بھی استفسار کیا۔ بتایا گیا کہ ایک ترک کمپنی نے ابتدا میں بولی میں حصہ لیا مگر منافع کی شرح پر اختلافات کے باعث پیچھے ہٹ گئی۔مزید آگاہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ حکومت سے حکومت (G2G) کی بنیاد پر ایک معاہدہ زیر غور ہے تاکہ لینڈ سائیڈ سروسز کے انتظامات بہتر بنائے جا سکیں۔چیئرمین کمیٹی نے سفارش کی کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی سروسز کسی قابلِ اعتماد اور تجربہ کار بین الاقوامی کمپنی کو دی جائیں تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

سیکریٹری نجکاری کمیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے متعلق مالیاتی مشاورتی فرم JLL نے 650,000 مربع فٹ رقبے پر مشتمل 17 منزلہ عمارت کی مالی و قانونی جانچ مکمل کی تھی۔
فرم نے حکومت کو مشترکہ سرمایہ کاری کے متعدد آپشنز تجویز کیے، جسے وفاقی کابینہ نے 8 جولائی کو منظور کیا۔ تاہم بعد ازاں مشاورتی فرم نے مفادات کے ٹکراؤ کے باعث خدمات واپس لے لیں۔اب حکومت نئی مالیاتی مشاورتی فرم کی خدمات حاصل کرنے کے عمل میں ہے تاکہ نجکاری کا عمل جاری رکھا جا سکے۔

چیئرمین کمیٹی نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ (FWBL) کی کامیاب نجکاری کو سراہا، جو متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) نے اس کے تمام ملازمین اور ذمہ داریوں سمیت حاصل کیا۔آخر میں چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر عرفان اللہ خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریٹائرڈ پی آئی اے ملازمین کی پنشن اور واجبات سے متعلق شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ انہیں ان کا جائز حق مل سکے۔

Shares: