اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے امیر مرکزی جمیعتِ اہل حدیث سینیٹر حافظ عبدالکریم نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے سینیٹر حافظ عبدالکریم کو حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ عبدالکریم کی کامیابی ملک کی سیاسی اور مذہبی فضا کے لیے خوش آئند ہے اور وہ پرامید ہیں کہ وہ اپنی مذہبی و سیاسی فکر کی روشنی میں قانون سازی کے شعبے میں ایک مؤثر اور مثبت کردار ادا کریں گے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام طبقوں کو یکجہتی اور قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نے سینیٹر حافظ عبدالکریم سے درخواست کی کہ وہ پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کر کے ملک کے مفاد میں کام کریں۔
دوسری جانب، سینیٹر حافظ عبدالکریم نے مسلم لیگ ن کی جانب سے ان پر اعتماد اور حمایت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پارٹی اور جمیعت اہل حدیث کے درمیان مضبوط اتحاد کا نتیجہ ہے، اور وہ اس اعتماد کو مزید مضبوط کرتے ہوئے ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال، سینیٹ کی اہمیت اور مستقبل میں پارلیمانی کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کو موجودہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔