کوئٹہ:سینیٹر سرفراز بگٹی نے پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزر سرفراز بگٹی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ استعفی اپنی نجی مصروفیات کی وجہ سے دے رہا ہوں جبکہ پارٹی کو جس بناء پر بنایا گیا تھا وہ مقصد پورا نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی مجموعی کارکردگی سے بھی مایوس ہوں، چیئرمین سینیٹ کو تبدیل کرنے کا دعویٰ کرنے والے اس بار بھی اپنا شوق پورا کر لیں،وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو خوش قسمت ہیں انہیں دوسری بار وزارت اعلیٰ کا منصب ملا جبکہ قدوس بزنجو باصلاحیت ہیں اورامید ہے وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
یاد رہے کہ پارٹی میں اختلافات کی وجہ سے جام کمال کے خلاف اپنے ہی ساتھیوںنے بغاوت کردی اور پھرمیر عبدالقدوس بزنجوکو وزیراعلیٰ کے منصب پربٹھا دیا گیا جس کے بعد سے لیکر اب تک سیاسی حالات ابھی تک خراب ہیں
موجودہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوکون ہیں ان کا مختصر سا تعارف کچھ یوں ہے
بلوچستان کے سب سے پسماندہ ضلع آواران سے تعلق رکھنے والے عبدالقدوس بزنجو بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنما ہیں۔ اس سے پہلے وہ مسلم لیگ ق کا حصہ تھے۔ 2002 سے 2008 تک وہ جام کمال کے والد جام یوسف کی کابینہ میں صوبائی وزیر رہے۔ 2013 کے انتخابات میں آواران سے صرف 544 ووٹ لے کر دوسری بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
عبدالقدوس بزنجو2013 سے 2015 تک بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اور پھر جان محمد جمالی کے استعفے کے بعد 2017 کے آخر تک سپیکر رہے۔ جنوری 2018 میں اپنی ہی اتحادی جماعت ن لیگ کی حکومت گرا کر وزیراعلیٰ بلوچستان بنے اور چھ ماہ تک اس منصب پر فائز رہے۔ اسی دوران بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کے نام سے نئی جماعت کی بنیاد رکھی گئی۔
کوئٹہ کے سینئر و تجزیہ کار صحافی عرفان سعید کا کہنا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو اور جام کمال کے درمیان باپ پارٹی کی تشکیل کے وقت سے ہی اختلافات تھے۔ عبدالقدوس بزنجو پارٹی کی سربراہی اور وزارت اعلیٰ کے امیدوار تھے مگر دونوں عہدے جام کمال خان کو ملے۔ اس کے بعد سے ہی دونوں کے درمیان سیاسی رسہ کشی چلی آرہی ہے