بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے منحرف سینیٹر قاسم رونجھو نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر قاسم رونجھو نے پارٹی کو استعفیٰ جمع کرا دیا۔قاسم رونجھو سینیٹ میں بی این پی مینگل کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں۔اس حوالے سے ساجد ترین کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس جاری ہے جس میں حتمی فیصلے ہوں گے، استعفیٰ موصول ہوا ہے جسے جاکر سینیٹ میں جمع کرائیں گے۔واضح رہے کہ سردار اختر مینگل نے دونوں سینیٹرز سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔بی این پی مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان اور قاسم رونجھو نے کل آئینی ترمیم کے حق میں وٹ دیا تھا۔دوسری طرف گزشتہ روز اس قانون کی روشنی میں چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کا اجلاس آج (منگل) شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف، احسن اقبال، شائستہ ملک، سینیٹر اعظم تارڑ اور پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک اور نوید قمر شامل ہیں۔ان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیرسٹر گوہر علی خان، سینیٹر علی ظفر، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا بھی کمیٹی کا حصہ ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی رکن رعنا انصار اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔جاری نوٹی فکیشن کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی نامزدگی کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کی شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے کنسٹی ٹیوشن روم میں ہوگا۔
پی ٹی آئی کا پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ