کرم(باغی ٹی وی رپورٹ) جاری خانہ جنگی میں صحافی کے گھر اور دفتر کو نقصان
تفصیل کے مطابق ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم بگن میں جاری کشیدگی کے دوران 22 دسمبر کو ہونے والی لڑائی میں سینئر صحافی محمد بلوچ کے گھر اور میڈیا آفس کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق جھڑپ کے دوران محمد بلوچ کے گھر کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ان کا لیپ ٹاپ، معیاری کیمرے اہم کاغذات اور دیگر قیمتی ریکارڈ جل کر خاکستر ہو گیا۔ یہ واقعہ صحافیوں کی حفاظت اور آزادی صحافت پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔
صحافتی برادری نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور متاثرہ صحافی کے نقصان کا ازالہ کریں۔
ملک بھر کے سینئر صحافیوں نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے صحافیوں کی سلامتی یقینی بنائیں اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔








