سیالکوٹ ایک تاریخی اور قدیمی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید روایات کا امین شہر ہے,ڈپٹی کمشنر

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے زیر اہتمام 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شریک افسران کا ڈی سی آفس کا دورہ،

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض سے) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے زیر اہتمام 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شریک افسران کا ڈی سی آفس کا دورہ، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے افسران کو ضلع سیالکوٹ کی ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ ایک تاریخی اور قدیمی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید روایات کا امین شہر ہے، برآمدات کے اعتبار سے ملک تیسرا بڑا شہر ہے جس کی فی کس آمدن اور شرح خواندگی ملک میں سر فہرست ہے۔ جس کا سارا کریڈٹ اس سٹی آف انٹر پرائز کے لوگوں کو جاتا ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کے بزنس ماڈل کو پنجاب اور ملک کے دوسرے اضلاع پر اپلائی کیا جائے تو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ زرمبادلہ کا حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی مردم خیز مٹی نے جہاں اقبال، فیض، امجد اسلام اور ظہیر عباس جیسے نامور سپوتوں کو جنم دیا ہے وہیں پر یہاں کے ہنر مندوں کے ہاتھوں سے تیار ہونے والے آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کٹلری، کھیلوں کا سامان اور گارمنٹس کی دنیا بھر میں مانک ہے اور سالانہ 3 سے 4 بلین ڈالرز کی ایکسپورٹ اس بات کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ میں پہلا ڈرائی پورٹ، ائیر پورٹ اور ائیر لائن کا کریڈٹ بھی سیالکوٹ کی کمیونٹی کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1998 اور 2008 میں سٹی پیکج کے نام سے یہاں کے باسیوں نے حکومت سے میچنگ گرانٹ کی مد میں شہر کی اہم شاہراہوں کو تعمیر کرکے ایک مثال قائم کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ سیالکوٹ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے بھی مثالی شہر ہے یہاں 7 لاکھ کے قریب مسیحی بستے ہیں جبکہ سکھ اور ہندو مت کے ماننے والے بھی موجود ہیں اور ان کے مابین مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قابل تعریف ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے اصل معمار ہیں، محنتی اور فرض شناس اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کیلئے ڈسٹرکٹ لیول پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جبکہ 10 سکولوں میں فری کوچنگ سنٹرز میں 3 ہزار بچوں کو فری کو چنگ دی جارہی ہے اور گزشتہ سال جن پانچ سرکاری سکولوں میں فری کوچنگ دی گئی وہاں کے بچوں نے بورڈ کے امتحانات میں بہتر اور حوصلہ افزائی نتائج دیئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کچہری کی ایمن آباد روڈ پر شفٹنگ کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ شہر میں ذرائع آمدورفت کو تیز کرنے کیلئے رنگ روڈ کے پراجیکٹ پر بھی کام شروع کردیا گیا جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کی تکمیل کے بعد سیالکوٹ سے کھاریاں موٹر وے کی تعمیر جاری ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے زیر اہتمام ایس ایم سی کورس میں شامل 18 افسران شریک تھے۔ جنہوں نے انتظامیہ اور ڈیپارٹمنٹ کے مینجمنٹ اور درپیش چیلنجز کے بارے میں سوالات کئے جس کے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران نے جوابات دیئے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی بریفنگ پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے حکام اور افسران نے شکریہ ادا کیا اور این آئی ایم کی جانب سے یادگاری سووینیر پیش کیا۔

Leave a reply