گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ ڈوثرن دفتر کے سنئیر اہلکار سٹینو گرافر (اردو)صابر علی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرہوگئے۔

ان کے اعزاز میں دفتر کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ افتخار علی شاہ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر منور حسین‘ آفس سپرنٹنڈنٹ قاضی احسن شبیر،اسسٹنٹ غلام دستگیر ،سنیر کلرکس اخلاق احمد ،حافظ محمد شہباز ،فوٹو گرافر رینا رفعت ،محمد یوسف ،محمد نواب کے علاؤہ دیگر سٹاف ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر تعلقات عامہ افتخار علی شاہ نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ایک سرکاری ملازم کی زندگی کا لازمی جزو ہے‘ جو بھی سروس میں آتا ہے ایک نہ ایک دن اسے ریٹائرہونا ہوتاہے لیکن باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ ملازم کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ صابر علی نے اپنی زندگی کے تقریباً چالیس سال سرکاری ملازمت میں صرف کئے جن میں اڑتالیس سال سروس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہے۔ اس دوران انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کوبخوبی انجام دیا جس کا نتیجہ ہے کہ آج افسران وسٹاف انہیں پرخلوص اور باوقار انداز میں الوداع کہہ رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر منور حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صابر علی نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں بطور اردو سٹینو گرافر اپنی سروس کا آغاز کیا۔ یہ وہ دور تھا جب آفیسر سٹینو گرافر کو ڈکٹیشن دیتا تھا اور وہ ٹاپ رایٹر پر ٹایپ کرتا تھا۔

صابرعلی نے ٹائپ رایٹر سے کمپیوٹر پر آنے کا سفر بڑی مہارت سے طے کیا۔ وہ روزانہ کامونکی سے گوجرانوالہ آتے اور رات گئے اپنا کام ختم کر کے واپس اپنے گاؤں کامونکی چلے جاتے۔انہوں ہے اپنی سروس صاف ستھرے طریقے سے گزاری کبھی کسی کے ساتھ ناجائز نہیں کیا افسروں کی عزت کی اور ماتحتوں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے رہے۔ اپنے نام کی طرح صابر شاکر رہے۔ اللہ پاک ان کی آنے والی زندگی صحت اور سلامتی اور آسانیاں سے بھرپور فرمائے۔

اس موقع پر ریٹائر ہونے والے ملازم صابر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران سروس ذمہ داریوں کی ادائیگی میں افسران اور سٹاف نے ان کی بھرپور معاونت کی ہے اور ہر موقع پر انہیں بہترین راہنمائی فراہم کی گئی جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔

تقریب کے اختتام پر افسران وسٹاف کی طرف سے صابر علی کو تحائف اور شیلڈ پیش کی گئی اور ان کی ریٹائرمنٹ کی بعد والی زندگی میں صحت اور کامیابیوں کی دعا کی۔

Shares: