سیینئر صحافی اور کالم نگار عطاء الرحمان وفات پا گئے
عطاء الرحمان کافی عرصے سے علیل تھے اور نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، مرحوم نئی بات اخبار کے گروپ ایڈیٹر تھے، مرحوم کی نماز جنازہ آج شام پانچ بجے ادا کی جائے گی
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی، کالم نویس، نئی بات کے گروپ ایڈیٹر عطاء الرحمن کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عطاء الرحمن مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اور کہا ہے کہ عطاء الرحمن اپنی نوعیت کے منفرد اور سنجیدہ طبع کالم نویس تھے۔مرحوم عطاء الرحمن نے نئی نسل کیلئے قابل قدر صحافتی ورثہ چھوڑا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نےسینئر مدیر ، کالم نگار اور صحافی عطاءالرحمن کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے،شہباز شریف کا کہنا تھا عطاءالرحمن اسلام، نظریہ پاکستان اور مشرقی اقدار کے امین تھے۔انہوں نے تمام عمر اپنے قلم کی حرمت کی پاسبانی کی اور اس کی سیاہی کو گدلا نہیں ہونے دیا ۔وہ پختہ نظریات کے ساتھ پاکستان کے قومی مفادات ، عوامی حقوق کے تحفظ، اسلامی، مشرقی اورجمہوری اقدار کے لئے قلمی مورچے پر ڈٹے رہے۔ان کی وفات نظریاتی صحافت کا ایک بڑا نقصان ہے۔اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔
وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے سینئر صحافی، کالم نویس عطاء الرحمن کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور کہا کہ عطاء الرحمان نے ہمیشہ اپنے قلم سے عوامی مسائل اجاگر کیے ان کی پیشہ وارانہ خدمات ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حسان خاور نے سینئر صحافی، کالم نویس، نئی بات کے گروپ ایڈیٹر عطاء الرحمن کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔عطاء الرحمٰن مرحوم کی صحافت کے لیے خدمات تا دیر یاد رکھی جائیں گی۔