پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی ایئر لائن سیرین ایئر (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے فضائی آپریٹر سرٹیفکیٹس فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔ یہ اقدام اس بنا پر کیا گیا کہ سیرین ایئر اپنی فلیٹ کے لازمی کم از کم طیاروں کی شرط پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے اور اس وقت اس کے پاس کوئی بھی قابلِ پرواز طیارہ موجود نہیں ہے۔
جمعرات 2 اکتوبر 2025 کو جاری کردہ حکم نامے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا کہ سیرین ایئر اپنی آپریشنل استعداد برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث وہ مسافروں کے محفوظ فضائی سفر کو یقینی بنانے کے قابل نہیں رہی۔نوٹیفکیشن کے مطابق، سیرین ایئر کو جاری کردہ دونوں ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹس نمبر AOC-031/16-AL اور AOC-032/17-CH کو پی سی اے اے قوانین و ضوابط کے تحت فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق حکم نامے کے اجرا کے ساتھ ہی ہوگیا ہے۔مزید برآں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین ایئر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے معطل شدہ سرٹیفکیٹس فوراً اتھارٹی کے حوالے کرے تاکہ ضروری اندراجات مکمل کیے جا سکیں۔یہ نوٹیفکیشن ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے کی جانب سے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کی نگرانی میں جاری کیا گیا۔