پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز 8 فروری سے 14 فروری تک لاہور کے گڈافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا مقصد تمام ٹیموں کو آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سیریز کا شیڈول:
8 فروری: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ (دن/رات)
10 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ (دن)
12 فروری: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ (دن/رات)
14 فروری: فائنل (دن/رات)
تمام میچز پاکستان میں ٹی این اسپورٹس، پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ گڈافی اسٹیڈیم لاہور میں 8 فروری کو ہوگا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ہوگا۔ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا میچ بھی اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کا آغاز صبح 9:30 بجے ہوگا۔اس کے بعد، 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں دن-رات کے میچ کی صورت میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کا آغاز بھی 2 بجے ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان، جو گزشتہ سال آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیت چکے ہیں، اس سیریز میں مسلسل چوتھی کامیابی کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا، "ہم اپنے گھر کے شائقین کے سامنے کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور نئی اسٹیڈیمز میں کھیلنا ہمارے لیے ایک زبردست تجربہ ہوگا۔”

نیوزی لینڈ نے 7 فروری کو لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پہلی ٹریننگ سیشن کیا اور وہ اس سیریز میں اچھا آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مچل سینٹنر نے کہا، "ہم نے لاہور میں اچھا ٹریننگ سیشن کیا ہے اور ہم پاکستان کے خلاف میچ کے لیے پرجوش ہیں۔”

جنوبی افریقی ٹیم کپتان تیمبا باووما کی قیادت میں لاہور پہنچ چکی ہے اور وہ 8 فروری سے اپنی ٹریننگ شروع کریں گے۔ تیمبا باووما نے کہا، "یہ سیریز ہمارے لیے ایک بہترین موقع ہے تاکہ ہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے یہاں کے حالات سے واقف ہو سکیں۔”

یہ سہہ ملکی سیریز تمام تینوں ٹیموں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے ایک موقع فراہم کرے گی، جو 19 فروری سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے، جہاں میزبان پاکستان اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا۔

Shares: