منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی خصوصی ہدایت پر عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شہریوں کی صحت اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے یہ مہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائیوں کے تحت انجام دی جا رہی ہے۔
کریک ڈاؤن کی قیادت سی ای او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار اور ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم پر مشتمل ٹیم کر رہی ہے۔
کارروائی کے دوران شہر اور نواحی علاقوں میں غیر قانونی طور پر چلنے والے متعدد کلینکس کو سیل کر دیا گیا اور عطائیت میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم نے کہا کہ جعلی ادویات فروخت کرنے والے اور عطائی ڈاکٹروں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عطائیت کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔








