میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ)یونین کونسل 08 کے چیئرمین حاجی محمد علی نے گٹروں کی مین سیوریج لائنوں کو صاف کرنے کے لیے ایک منفرد طریقہ ایجاد کر لیا ہے، جس کی بدولت وہ اپنے علاقے کی صفائی کا کام با آسانی انجام دے رہے ہیں۔
چیئرمین حاجی محمد علی نے اس نئے طریقے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک پائپ میں ٹوچین تار باندھ کر اسے مین سیوریج لائن میں داخل کرتے ہیں۔ بعد ازاں، اس ٹوچن تار کو ایک طرف ٹریکٹر کے ساتھ باندھا جاتا ہے اور دوسری طرف جو ٹوچین تار مین سیوریج لائن کے اندر ہوتا ہے، وہاں ٹائر باندھا جاتا ہے۔ ٹریکٹر کی مدد سے آہستہ آہستہ ٹوچین تار کو کھینچنے پر ٹائر مین سیوریج لائن کو صاف کرتے ہوئے باہر نکل آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جب انسان مخلوق کی خدمت کرنے کی لگن دل میں پیدا کر لیتا ہے تو اللہ پاک اس کے لیے راستے ہموار کر دیتا ہے۔” حاجی محمد علی اپنی محنت سے علاقے کی عوام کی خدمت کر رہے ہیں، اور اگر کوئی اور علاقے کا ذمہ دار اس طریقے کو سیکھنا چاہتا ہے تو وہ بے جھجھک حاجی محمد علی سے رابطہ کر سکتا ہے۔
علاوہ ازیں حاجی محمد علی نے پائپ لائن کے کام کو چند دنوں کے لیے روکا تھا تاکہ مٹی بیٹھ جائے جو ٹریفک کی آمدورفت کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔ اس کام کو بھی انہوں نے پیور بلاک لگا کر مکمل کیا۔ مزید یہ کہ اکبری چوک نائی پاڑہ وارڈ نمبر 03 کی سیوریج لائن کے بوسیدہ ڈھکنوں کی بھی بہترین انداز میں مرمت کی گئی ہے، جو دوبارہ فٹنگ کر دیے گئے ہیں۔
چیئرمین حاجی محمد علی کی یہ محنت علاقے کی عوام کے لیے ایک مثال ہے، جو انہیں اپنی صفائی اور عوامی خدمات میں نئے نئے طریقے اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔