ڈیرہ غازیخان:سیوریج سسٹم تباہ،گندہ پانی سڑکوں اور گلیوں میں ٹھاٹھیں مارنے لگا

بلخ سرور سٹی،میڈیسن مارکیٹ،فرید آباد،مہترکالونی،پیر قتال موڑ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کے گندے بدبو دار پانی کا راج

ڈیرہ غازیخان ،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان ) سیوریج سسٹم تباہ،گندہ پانی سڑکوں اور گلیوں میں ٹھاٹھیں مارنے لگا
بلخ سرور سٹی،میڈیسن مارکیٹ،فرید آباد،مہتر کالونی،پیر قتال موڑ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کے گندے بدبو دار پانی کا راج،تمام علاقے تعفن میں ڈوب گئے، میڈیسن مارکیٹ کے تاجروں کا احتجاج، علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور،

کارپوریشن افسران اور عملہ بے حس،اہل علاقہ کو کئی خطرناک اور جان لیوا بیماریوں نے گھیر لیا،بار ہا شکایات درج کرانے کے باوجود بھی کارپوریشن کا عملہ ٹس سے مس نہ ہوا،بلخ سرور سٹی،میڈیسن مارکیٹ،فرید آباد،مہتر کالونی،پیر قتال موڑ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں کے مکینوں امجد امین،الٰہی بخش،محمد سہیل،شیخ شہزاد،مبین احمد،سلیم،نعیم لطیف،اختر،ظہیر،نوازو دیگر نے شدید احتجاج کرتے ہو ئے بتایا کہ سیوریج کی بندش کی وجہ سے کاروبارٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں،

چوک اور گلیاں جھیل کے مناظر پیش کر رہی ہیں گندے پانی کی وجہ سے مکینوں کی قیمتی سکنی و کمرشل املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، گلیوں اور گھروں میں سیوریج کے پانی کی موجودگی سے جہاں آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہاں سکول جانے والے طلبا و طالبات بھی مشکلات کا شکار ہیں مکینوں کے مطابق گلیوں میں سیوریج کا گندہ پانی بھر جانے سے بازار اور دکانوں سے اشیاء خوردونوش کی خریداری کیلئے بھی مشکلات در پیش ہیں

کارپوریشن کے افسران کی دانستہ مجرمانہ غفلت کے باعث شہر غلاظت اور گندگی کی تصویر بن چکا ہے اور سیوریج کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ سیوریج کے گندے پانی پر پیدا ہونے والے زہریلے مچھر خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی نہ ہونے سے تعفن کے باعث سانس لینے میں بھی دشواری پیدا ہو چکی ہے

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملہ کو بارہا شکایات درج کرائی گئیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو ئی، علاقہ مکینوں نے کمشنر ڈیرہ وایڈمنسٹریٹر کارپوریشن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر،سی او مسرت عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ بلخ سرور سٹی،میڈیسن مارکیٹ،فرید آباد،مہتر کالونی،پیر قتال موڑ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں سیوریج سسٹم فوری بحال کیا جائے۔

Leave a reply