شجاع آباد پولیس ویلڈن، دو روز قبل اغواء ہونیوالی طالبہ کو بازیاب کروالیا
شجاع آباد پولیس کی کامیاب کاروائی، اغواء ہونے والی طالبہ کو بازیاب کروا لیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے شجاع آباد میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے اغواء ہونے والی طالبہ کو بازیاب کروا لیا ہے جبکہ ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے. پولیس کا کہنا ہے کہ ساتویں جماعت کی طالبہ کو ٹیوشن سے واپس گھر آتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا، طالبہ کے والدین نے دو دن پہلے پولیس کو اطلاع دی تھی اور تھانہ صدر میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دی تھی، والد کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے بچی کی تلاش شروع کر دی تھی.
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کو راجا رام کے علاقے سے بازیاب کروایا گیا ہے، طالبہ کو فیاض نامی شخص نے اغوا کیا تھا، پولیس کے مطابق اس اغوا میں ملوث دیگر دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے.
واضح رہے کہ پنجاب میں کمسن بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے واقعات میں آئے دن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تا ہم شجاع آباد پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے دو دن میں طالبہ کو بازیاب کروا لیا ہے.
ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران پنجاب بھر سے 149 بچے اغوا ہوئے، 55 بچے ابھی تک بازیاب نہیں ہوسکے۔ گزشتہ 8 سال سے 260 بچے تاحال بازیاب نہ ہوئے، 2016 میں 28، 2017 میں 34 جبکہ 2018 میں 68 بچے بازیاب نہیں ہوسکے۔ رواں سال سب سے زیادہ اغوا ہونے لاہور سے66 بچوں میں سے 26 بچے تاحال لاپتہ ہیں۔ فیصل آباد سے 24 بچے اغوا ہوئے جن میں 5 بچے تاحال لاپتہ ہیں۔ سرگودھا سے 10 بچے اغوا ہوئے،6 تاحال لاپتہ ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 3 بچے اغوا ہوئے 2 لاپتہ ہیں جبکہ راولپنڈی سے 8 بچے اغوا ہوئے 3 تاحال لاپتہ ہیں.