لاہور:شب قدر آج پیر منگل کی درمیانی رات (27 رمضان المبارک) انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔

باغی ٹی وی: شب قدر کے موقع پر آج شہر بھر کی مساجد میں نماز تراویح میں ختم قرآ ن کے اجتماعات منعقد ہوں گے مساجد کو برقی قمقوں سے سجا دیا گیا، خواتین گھروں میں مرد حضرات مساجد میں رات عبادت میں گزاریں گے،،علما،آئمہ خطباء شب قدر کے فضائل بیان کریں گے، بخشش و مغفر ت، عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جا ئیں گی۔

نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اورسامعین کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا، مٹھائیاں بانٹی جائیں گی، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔

لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہنیوں سے بہتر ہے اس رات میں عبادت کرنے کی بہت تاکید کی گئی ہے۔

لیلۃ القدر کے حوالے سے قرآن کریم میں آیا ہے کہ یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے اس عظیم الشان رات کی عظمت و فضیلت کا ذکر کرتے ہوئے حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرمؐ نے ارشاد فرمایا “جب شب قدر آتی ہے تو حضرت جبرائیل امین فرشتوں کی جماعت کے ساتھ زمین پر آتے ہیں، ملائکہ کا یہ گروہ ہر اس بندے کے لیے دعائے مغفرت اور التجائے رحمت کرتا ہے جو ذکر الہیٰ اور عبادات میں مشغول ہوتا ہے۔

لاکھوں مسلمان اس رات اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل کی ادائیگی اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے ہیں ، 75 سال قبل پاکستان کا قیام بمطابق قمری مہینہ 27 رمضان المباک ( 14 اگست 1947)کو عمل میں آیا تھا۔

واضح رہے کہ طاق راتوں کی تعداد 5 ہے جن میں سے کوئی بھی رات لیلة القدر ہوسکتی ہے اور اس شب کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہےرمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کے ذوق و شوق کو بام کمال تک پہنچانے کے لئے لیلتہ القدر کو مخفی رکھا گیا۔ اگرچہ یہ رات عوام الناس کی نظروں سے پوشیدہ ہے تاہم خواص اس رات سے آگاہ ہوجاتے ہیں۔

Shares: