نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 10 جولائی تک شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل، سندھ، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان ہے۔ دریائے سندھ پر تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی، اور دریائے جہلم پر منگلا کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ دریائے سوات اور پنجکوڑہ کے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں (ہل ٹورنٹس) میں بارشوں کے باعث شدید بہاؤ متوقع ہے۔ بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان کے حوالے سے بھی الرٹ جاری کیا ہے جہاں دریائے ہنزہ، شیگر، ہسپار، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے اور شگر سمیت آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، ہویلی اور باغ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کے رہائشی 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس ہمہ وقت تیار رکھیں۔

اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

سابق کرکٹر محمد یوسف نے برانڈ لانچ کردیا

Shares: