شادی کیلئے بھارت آنے والی امریکی خاتون کو قتل کر کے لاش جلا دی گئی ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق 71 سالہ بھارتی نژاد امریکی خاتون کو قتل کیا گیا جو بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں مقیم برطانوی شخص سے شادی کیلئے آئی تھیں۔ مقتولہ کو مبینہ طور پر اسی 75 سالہ شخص نے قتل کیا ہے جو اس سے شادی کرنے والا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اگرچہ قتل کا واقعہ جولائی میں پیش آیا تھا تاہم اس وقت خبروں کی زینت بنا جب مقتولہ روپندر کور پنڈھر کی بہن نے اس کا فون بند ہونے پر گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔مقتولہ کی بہن کمل کور خیرہ کو شک ہوا اور اُنہوں نے 28 جولائی کو نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے کو مطلع کیا۔ سفارتخانے نے مقامی پولیس سے معاملے کی تحقیقات کرنے کو کہا۔تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ لدھیانہ میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے شخص چرن جیت سنگھ گریوال نے خود اس مقتولہ کو بھارت بلایا تھا ، دونوں کی شادی ہونے والی تھی لیکن چرن جیت سنگھ گریوال نے مبینہ طور پر اسے قتل کر دیا۔پولیس نے سب سے پہلے سکھج یت سنگھ سونو کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے خاتون کو اپنے گھر میں قتل کیا اور اس کی لاش کو اسٹور روم میں جلا دیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے چرن جیت سنگھ گریوال کے حکم پر قتل کیا جس کیلئے 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی تھی ، مقتولہ نے بھارت آمد سے قبل چرن جیت سنگھ کو بڑی رقم منتقل کی تھی۔