اٹک: اٹک کے علاقے میں ایک شادی کی تقریب میں ساؤنڈ سسٹم پر تیز آواز میں گانے چلانے کی وجہ سے اہل محلہ کا سکون برباد کرنے پر پولیس نے 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 3 خواتین اور دلہا کے 2 بھائی بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، شادی کی تقریب میں ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے اونچی آواز میں ناچ گانے کی محفل سجا کر محلے والوں کو شدید اذیت دی جا رہی تھی، جس پر مقامی افراد نے شکایت کی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف 12 افراد کو حراست میں لیا بلکہ ساؤنڈ سسٹم بھی ضبط کر لیا۔ اس حوالے سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ترجمان اٹک پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام کے سکون میں خلل ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس کے اس اقدام کو مقامی افراد نے سراہا ہے، کیونکہ اس طرح کی آوازوں کی وجہ سے روزمرہ زندگی میں خلل آتا ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ وہ عوام کے سکون میں خلل ڈالنے والے کسی بھی شخص کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے گی تاکہ معاشرتی امن و سکون کو یقینی بنایا جا سکے۔