لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو طبیعت میں بہتری آنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور انہیں دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کچھ روز قبل پتے کی سرجری کے لیے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں زیرِ علاج تھے جہاں ڈاکٹروں نے ضروری علاج اور آپریشن کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔وکیل کا کہنا ہے کہ اب طبیعت میں نمایاں بہتری کے باعث اسپتال انتظامیہ نے انہیں ڈسچارج کردیا ہے۔رانا مدثر نے مزید بتایا کہ قریشی کے اہم میڈیکل ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس 15 روز بعد موصول ہوں گی، جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے مزید علاج یا فالو اَپ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، جہاں سے انہیں سرجری کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جیل حکام کے مطابق انہیں مکمل سیکیورٹی کے ساتھ واپس جیل منتقل کیا گیا ہے۔

Shares: