باغی ٹی وی(اٹک سےملک امان شجاع کی رپورٹ)صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر نواب شاہ زین بگٹی نے تحصیل فتح جنگ ضلع اٹک میں واقع بارانی ادارہ تحقیقات افزائش حیوانات خیری مورت کا تفصیلی دورہ کیا۔ ادارے کے سربراہ ڈاکٹر مرتضی علی ٹیپو، ڈائریکٹر بارانی لائیو اسٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ خیری مورت نے انہیں خوش آمدید کہا اور ادارے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔

تفصیلی بریفنگ کے دوران سابق وفاقی وزیر کو ادارے میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں اور اس کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ علاقہ پوٹھوہار وسیع و عریض رقبہ پر پھیلا ہوا ہے جہاں فصلات کی کاشت محدود ہے، لیکن غیر آباد رقبہ جات اور جنگلات پر گھاس، جڑی بوٹیاں اور درخت بڑے پیمانے پر موجود ہیں جو مویشیوں کے لیے بہترین چارہ فراہم کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس علاقے کے لوگ اپنے ذرائع معاش کا بڑا حصہ مال مویشیوں پر انحصار کرتے ہیں۔

نواب شاہ زین بگٹی نے دھنی نسل کی گائے کو پسند کیا اور ذاتی طور پر دھنی کیٹل فارم بنانے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دھنی نسل اور مقامی جانوروں کی نسلوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جا سکے۔

سابق وفاقی وزیر نے خیری مورت انسٹیٹیوٹ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کیٹل سیکشن، کیمل سیکشن اور شیپ گوٹ سیکشن میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور عملہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جانوروں کی دیکھ بھال اور افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے فارم پر ہونے والی تحقیقاتی سرگرمیوں کی تعریف کی اور دھنی نسل کی گائے، کیمل پوری اونٹ، سالٹ رینج کی بھیڑ اور مقامی ہیری بکریوں کو بہت پسند کیا۔
Shares:








