کرپٹوں کے سرغنہ شہباز شریف کی بے خوف کرپشن کو سامنے لانا میری اولین ترجیح ہے، فیاض الحسن چوہان
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہا ن نے کہا ہے کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو بے نقاب کرنا میرا اخلاقی، سیاسی اور قانونی فرض ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ خصوصاً کرپٹوں کے سرغنہ شہباز شریف کی بے لوث اور بے خوف کرپشن اور نااہلی کو سامنے لانا میری اولین ترجیح ہے۔ ن لیگی ترجمان میرے الزامات، بیانات اور انکشافات کا بروقت جواب دینے کی کوشش کیا کریں۔ن لیگی ترجمانوں کا جواب ایک دن بعد شہباز شریف سے ڈانٹ کھانے کے بعد آتا ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی شبانہ روز محنت کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ سیاسی، انتظامی و عوامی امور کو ساتھ لے کر چلنا سردار عثمان بزدار کا طرہ امتیاز ہے۔ سیاسی مخالفین کے شدید منفی پراپیگنڈے کے باوجود بزدار حکومت کے اتحادی ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرونا کے تدارک کے بہتر نتائج سردار عثمان بزدار کی قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن سے کرونا کیسز مجں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔ گزشتہ ادوار میں نام نہاد خادم اعلیٰ سیلاب آنے کے بعد فوٹو سیشن کے لیے پانی میں جا کھڑے ہوتے تھے۔ آج سالوں بعد پنجاب کی نہریں ٹیلز تک چھوٹے کاشتکاروں کی فصلوں کو سیراب کر رہی ہیں۔ بزدار حکومت کی گندم پر ٹارگٹڈ سبسڈی امیر کے مقابلے میں غریب عوام کو بہتر فائدہ دے گی۔