شہداد کوٹ:باراتیوں کی بس الٹنے سے دلہن کی والدہ سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ،اطلاعات ہیں کہ واقعہ بس کے سڑک پر لگائے گئے سیلابی کٹ میں گرنے سے پیش آیا، بس الٹنے سے متعدد باراتی بس کے نیچے دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہے، جاں بحق ہونیوالی خاتون گوہر بیگم دلہن کی والدہ تھی۔حادثے کو کئی گھنٹے گذرنے کے باوجود امدادی کارروائیاں مکمل نہ ہوسکیں انتظامیہ کی جانب سے رات ہوجانے کے باعث امدادی کارروائیاں روک دی گئیں۔
ورثاء کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لئے اہل علاقہ نے اپنے خرچے پر ہیوی مشینری منگوائی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مشین کے لئے دیا گیا ڈیزل بھی کم پڑگیا،اہل علاقہ اور باراتیوں کے ورثاء نے مشینری میں ڈیزل ڈلوایا۔
دوسری طرف کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی، پولیس نے واقعے پر شکوک کا اظہار کردیا۔کورنگی نمبر 5 میں گھر میں فائرنگ سے ایک لڑکی جاں بحق ہوگئی، اہلخانہ نے بتایا کہ 4 ڈاکو گھر میں داخل ہوئے، اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو رسیوں سے باندھ دیا۔
گھر کے افراد نے شور مچایا تو ملزمان برابر والے گھر میں کود کر فرار ہونے لگے، فرار ہوتے وقت ملزمان نے فائرنگ کی جو کہ 19 سالہ خیرالنساء کو لگی، جس سے وہ جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے واقعے پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کا میڈیکل کیا جارہا ہے، گولی کافی فاصلے سے لگی، اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔