آزاد کشمیر کے حساس سرحدی علاقے نکیال میں بھارتی فوج کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم بہن بھائی کی نمازِ جنازہ مرکزی جامع مسجد نکیال میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ علاقے میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، جو کالج گراؤنڈ سے شروع ہو کر پڑاوہ چوک تک گئی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اقوامِ متحدہ سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

ادھر گزشتہ شب بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور مختلف علاقوں پر میزائل حملوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم پاک فضائیہ نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ متعدد ڈرونز اور کواڈ کاپٹر بھی تباہ کر دیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں بھارتی انفنٹری بریگیڈ کا ہیڈکوارٹر، ایک بٹالین ہیڈکوارٹر اور متعدد چوکیوں کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی کے بعد بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد جورا سیکٹر میں بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں اب تک 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی غلط فہمی کو جلد دور کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ احمد پور شرقیہ میں مسجد "سبحان اللّٰہ” کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 13 نمازی شہید ہوئے۔ مریدکے میں ایک اور مسجد پر حملے میں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا، جبکہ مظفرآباد پر حملے میں بھی 3 معصوم شہریوں کی جانیں گئیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Shares: