مریدکے کے مقام پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والے ابو عکاشہ ڈاکٹر خالد محمد عالم کی نمازِ جنازہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ جنازے میں فوجی و سول افسران، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، اہلِ خانہ، دوست احباب، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا، جب کہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی پرچم میں لپٹا ہوا تابوت مکمل احترام کے ساتھ تدفین کے مقام تک پہنچایا گیا۔نمازِ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، سی پی او فیصل آباد، آر پی او فیصل آباد سمیت پاک آرمی کے افسران، علمائے کرام اور معروف سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔ شہید کے جنازے میں عوام کی غیر معمولی شرکت ان کی قومی خدمات اور قربانی کی گواہ تھی۔نمازِ جنازہ کے موقع پر علما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمد عالم کی شہادت ایک عظیم قربانی ہے، اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہید کی تدفین ان کے آبائی قبرستان میں کی گئی، جہاں موجود ہر آنکھ اشکبار تھی اور فضا سوگوار۔ ان کی شہادت کا غم پوری قوم نے محسوس کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت و یکجہتی کیا گیا۔

Shares: