شہید قوم کا محسن،اس کے احسان کا حق ادا نہیں ہو سکتا .وزیر داخلہ

0
136
شہید قوم کا محسن،اس کے احسان کا حق ادا نہیں ہو سکتا .وزیر داخلہ

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور آئی جی اسلام آباد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے بدھ کے روز سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آئی ٹین فور خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جوان عدیل حسین کی فیملی ، بچوں سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے شہید کی فیملی کے ساتھ تعزیت کی ، بچوں سے ملے اور انہیں شہید پیکیج کے تحت ایک کروڑ روپے کا چیک دیا، انہوں نے کہا کہ مکان کے لئے انہیں مزید سوا کروڑ روپے کی گرانٹ دی جائے گی جبکہ شہید کی فیملی کو تاحیات ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ اس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام میڈیا کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔میں شہید سید عدیل حسین کی فیملی کو شہید پیکیج کا چیک دینے آیا تھا ۔ شہید سید عدیل حسین نے سیکٹر آئی ٹین فور میں ایک خود کش دھماکے میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اسلام آباد کو ایک بڑی تباہی سے بچایا ۔میں سید عدیل حسین شہیدکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کے ساتھ افسران جواس واقعہ میں زخمی ہوئے ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ شہداءکے احسانات کا بدلہ نہیں چکایا جا سکتا، ہماری حکومت نے آتے ہی ایک عرصہ سے شہدائے پولیس کے ایک ارب روپے22کروڑ روپے سے زائد کے بقایا جات تھے ان کو ادا کیااور سلسلہ میں میں وزیر اعظم پاکستان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس کی فوری منظوری دی ۔اس واقعہ کی تفصیلات کا پہلے سے آپ کو علم ہے ۔اسلام آباد کے آئی جی کو اس بات پر خوب سراہتا ہوں کہ انہوں نے بھرتی کے عمل کو یقینی بنایا اور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور منظم ٹیسٹ منعقد کروایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ گزشتہ جمعہ اور سوموار کو منعقد ہونے والی نیشنل سکیورٹی میٹنگ میں سیاسی اور عسکری قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے ۔ تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف زیروٹالرنس ہوگی۔افغانستان سے جو دراندازی ہوتی ہے اس حوالے سے افغانستان حکومت سے بات کریںگے، طالبان پہلے ہتھیار پھینکیں پھر ان سے بات ہو گی، دہشت گردی کے خلاف موثر انداز میں نمٹنے کے لئے CTDکو مرکزی سطح پر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں CTDپنجاب کو ایک فعال ادارہ بنایا تھااور اسی طرز پر ہم دیگر CTDڈیپارٹمنٹس کو فعال کریں گے۔رانا ثناءاللہ خان نے مزید کہا کہ کے پی میں دہشت گردی کے 67فیصد، بلوچستان میں 31فیصد اور پنجاب او ر سندھ میں ایک ایک فیصد واقعات ہوئے ، انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ پر حملے کی دھمکی دینے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت دانیال عرف ذوالفقار ولد گل امین اور زبیر ولد شمس الرحمان کے نام سے ہوئی ہے ۔ جبکہ دہشت گردی کا ایک نیٹ ورک بھی پکڑا گیا ہے ، یہ خوف و ہراس پھیلانے کا ایک طریقہ ہوتا ہے اور اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے سائبر کرائم کے حوالے سے ملک کر کام کر رہے ہیں ۔آئی ٹین خودکش حملے میں ملوث دہشت گردوں کی شناخت ہو چکی ہے ۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے آئی ٹین واقعہ پر میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملے کی دھمکی دینے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، آئی ٹین واقعہ میں 04سے 05لوگ ملوث تھے جن کی شناخت ہو چکی ہے ، آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس ، راولپنڈی پولیس اور تمام ایجنسیز نے اس واقعہ پر مل کر کام کیا اور کامیابی حاصل کی ، اس واقعہ کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی میں درج ہو چکی ہے ، پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھا رہی ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر ہمہ وقت الرٹ ہے ، پولیس اہلکاروں کی سکیورٹی کے لئے بھی انہیں تمام تر سامان مہیا کیا جاتاہے اور ڈیوٹی بھیجنے سے پہلے اس بارے انہیں بریف بھی کیا جاتا ہے ۔

Leave a reply