شہر قائد کچرے کا ڈھیر بن چکا ہےکراچی کا سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے

0
65

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ء خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ سندھ کے وزراء لطیفے بازی کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ نے ٹوئیٹ کرنے کے لیے بھی کسی بندے کو رکھا ہوا ہے۔

پاگل خانے کے پاگلوں کو اگر ان کے بیانات ٹی وی پر دکھائے جائیں تو وہ کہیں گے کہ اصل پاگل تو باہر ہیں۔ کراچی میں اس وقت کام اراکین قومی اسمبلی کو دیے گئے وفاقی فنڈز سے ہورہا ہے اور اس پر بھی سندھ حکومت اور وزیراعلی سندھ کے سینے پر سانپ لوٹ رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ کراچی کا سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے ، شہر قائد کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، دس ماہ کا عرصہ گزر گیا کراچی کے مختلف اضلاع کے ایڈمسٹریٹرز نے آخر کیا کام کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ظلم تو یہ ہے کہ بارش کا پانی کھڑا ہونے اور اس میں کرنٹ دوڑنے سے ایک باپ اپنے بچے کی ولادت سے دس منٹ پہلے ہلاک ہوجاتا ہے اس کا وفاقی اور سندھ حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا، کراچی میں کسی انسان کا مرنا اب معمولی سی بات ہوگئی ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کے ایم سی کے چار اسپتال اپنی ماتحتی میں لے لیے اس پر ایم کیو ایم بھرپور مزاحمت کرے گی۔

ان کا مزید کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایم کیو ایم تین بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت سے باہر آچکی ہے اور اب بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے یا پھر اس کا کوئی اور حل تلاش کرے۔

Leave a reply