بین الاقوامی کراٹے چیمپئن شاہ زیب رند بلوچستان، پاکستان واپس پہنچ گئے۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند سنگاپور میں عالمی کراٹے کمبیٹ مقابلہ جیت کر فخر سے وطن واپس پہنچ گئے۔کوئٹہ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جنہوں نے کھلاڑی کو گلے لگا کر اس کی کامیابی پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ "شاہ زیب رند کو جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر مبارکباد۔ آپ بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں ، آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ملک کا روشن مستقبل آپ جیسے باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ آپ کی کامیابیاں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے امید اور ترقی کی کرن ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو، وزیر اعلٰی کے مشیر سردار غلام رسول عمرانی، پارلیمانی سیکرٹری کھیل مینا مجید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری عبدالصمد گورگیج ، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند، سیکرٹری کھیل قمر بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقت بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی طرف سے پاکستان کے پہلے کراٹے کومبیٹ ورلڈ چیمپین شاہ زیب رند کوایک مربع زرعی اراضی دینے کا اعلان کیا گیا ہے، وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر مارشل آرٹ میں ورلڈ چیمپین کا ٹائٹل جیتنے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رندکے اعزاز میں ضیافت کے موقع پر انکے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی ہے اور بلوچستان سے تعلق رکھتا ہے۔اس نے اقوام عالم میں ورلڈ چیمپین ہونے کا ثبوت دیا ہے۔اس میں اس کی جان بھی جا سکتی تھی۔مگر اس نے پاکستان کا نام بلند کیا۔بلوچستان کے نوجوان سب سے زیادہ ٹیلنٹڈ ہیں،مگر ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی ہے،
پاکستان کے پہلے کراٹے کومبیٹ ورلڈ چیمپیئن شاہ زیب رند نے اپنا ٹائٹل قوم کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر سپورٹس کا کلچر نہیں ہے، دنیا میں سب سے ٹیلنٹڈ لوگ پاکستان میں موجود ہیں، حکومت نوجوانوں کی سرپرستی کرے،ذاتی خرچے کے بل بوتے پر تین مہینے تک امریکا میں ٹریننگ کی،میرا کوئی سپانسر نہیں تھا،بلوچستان میں نوجوانوں کو ٹریننگ دینے کے لیے اکیڈمی بناؤں گا۔