مغربی بنگال کے بیربھوم ضلع کے سوری علاقے سے ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جہاں بھارتی کرکٹر محمد شامی کی سابقہ اہلیہ حسین جہاں پر اپنے پڑوسی کے قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ زمین کے تنازعے کے باعث درج کیا گیا ہے جس میں قتل کی کوشش، مجرمانہ سازش اور حملے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ واقعہ مغربی بنگال کے سوری علاقے کے وارڈ نمبر 5 کا ہے جہاں حسین جہاں نے مبینہ طور پر ایک متنازعہ پلاٹ پر تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق زمین کے تنازع پر کچھ دن قبل حسین جہاں اور ان کے پڑوسیوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا تھا۔ حسین جہاں نے الزام لگایا ہے کہ گڈو بی بی نامی خاتون ان کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ زمین سابق بھارتی کرکٹر محمد شامی کی سابقہ اہلیہ حسین جہاں کی بیٹی عرشی جہاں کے نام پر ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جب حسین جہاں اور ان کی بیٹی نے تعمیراتی کام روکنے کی کوشش کی تو پڑوسی خاتون پر حملہ بھی کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔